پاکستان کا بھارت سے ملحقہ فضائی حدود آئندہ دو روز مخصوص اوقات میں بند رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان نے بھارت سے ملحقہ فضائی حدود کو آئندہ دو روز کے دوران مخصوص اوقات میں بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے اس سلسلے میں تمام ایئر لائنز اور ایوی ایشن کمپنیوں کو نوٹم (NOTAM) جاری کر دیا ہے۔

جاری کردہ نوٹم کے مطابق 28 اور 29 اکتوبر کو لاہور اور کراچی فلائٹ انفارمیشن ریجن (FIRs) میں بھارت سے متصل فضائی راستوں پر صبح 6 بجے سے 9 بجے تک فضائی حدود بند رہے گی۔

ایئرپورٹ اتھارٹی نے کمرشل پروازوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ واضح کیا ہے کہ دو روز تک روزانہ تین گھنٹے کے لیے یہ بندش نافذ العمل ہو گی۔ذرائع کے مطابق پاکستان نے پہلے ہی بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے۔

یاد رہے کہ 23 اپریل کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد سندھ طاس معاہدہ فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔اس واقعے کے بعد 24 اپریل کو پاکستان نے بھارت کے ساتھ فضائی، زمینی اور تجارتی روابط مکمل طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے اس کے بعد 23 مئی کو فضائی پابندی میں ایک ماہ کی توسیع کی تھی، جسے بعد ازاں 23 جون اور 19 جولائی کو مزید بڑھایا گیا۔تازہ ترین توسیع 20 اگست کو کی گئی تھی، جس کے تحت فضائی حدود 23 ستمبر تک بند رکھنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا تھا۔

تازہ فیصلہ اس سلسلے کی تواتر کے ساتھ جاری پالیسی کا حصہ ہے، جس کا مقصد قومی سلامتی اور فضائی دفاعی احتیاطی اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں