پاکستان کا دریائے چناب میں بہاؤ میں تبدیلی پر تشویش کا اظہار، بھارت سے وضاحت طلب

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) پاکستان نے دریائے چناب کے بہاؤ میں اچانک تبدیلی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت سے وضاحت طلب کر دی ہے۔ دفترِ خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ یہ معاملہ گزشتہ ایک ہفتے سے خبروں میں ہے اور متعدد میڈیا رپورٹوں کے مطابق بھارت نے دریائے چناب میں پانی چھوڑا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان ان تبدیلیوں کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھتا ہے کیونکہ بھارت کی جانب سے بغیر پیشگی اطلاع یکطرفہ پانی چھوڑنے کا عمل شہریوں کی زندگی، روزگار، غذائی تحفظ اور معاشی سلامتی کیلئےخطرہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے انڈس واٹر کمشنر نے سندھ طاس معاہدے میں درج طریقۂ کار کے مطابق بھارتی ہم منصب کو خط لکھ کر وضاحت طلب کی ہے۔

اندرابی نے کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ پاکستانی انڈس واٹر کمشنر کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کے جواب دے، دریائے چناب میں کسی بھی یکطرفہ مداخلت سے باز رہے اور سندھ طاس معاہدے کی ذمہ داریوں کو لفظی اور عملی طور پر پورا کرے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کا ذریعہ رہا ہے اور اس کی خلاف ورزی علاقائی امن اور ہمسائیگی کے اصولوں کیلئےخطرہ ہے۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تنازعات کے پُرامن حل کیلئےپرعزم ہے، تاہم اپنے عوام کے وجودی آبی حقوق پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریگا۔