پاکستان کا سات سال بعد آسٹریلیا کو ٹی ٹونٹی سیریز میں کلین سویپ

چئیرمین پی سی بی محسن نقوی اور آسٹریلیوی ہائی کمشنر ٹموتھی کین نے پاکستانی کپتان سلمان آغا کو ٹرافی دی

پاکستان نے کرکٹ ڈپلومیسی میں بھارت کو ناکوں چنے چبوانے کے بعد دنیاۓ کرکٹ میں ناقابل شکست سمجھی جانے والی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو بھی سات سال بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ کردیا۔ تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں 111 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف کلین سویپ مکمل کیا۔

قذافی سٹیڈیم میں کھیلےگئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 207 رنز بنائے جو کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کا سب سے بڑا سکور ہے۔پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے 10، صائم ایوب نے 50، کپتان سلمان علی آغا نے 5، اور خواجہ نافع نے 21 رنز سکور کیے۔ ان کے علاوہ بابر اعظم نے 50 اور شاداب خان نےبھی 46 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے بین وارشس نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 208 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں مہمان ٹیم 9 وکٹ پر 96 رنز بناسکی، آسٹریلوی لیگ سپنر ایڈم زمپا انجرڈ ہونے کے سبب بیٹنگ کے لیے نہیں آئے۔آسٹریلیا کی جانب سے مارکوس سٹوئنس نے 23 اور کیمرون گرین نے 22 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 18رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں، شاہین شاہ آفریدی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

میچ کے اختتام پر قذافی سٹیڈیم میں تقریب تقسیم انعامات میں چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ٹموتھی کین نے پاکستانی ٹیم کے کپتان سلمان آغا کو ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے پر ٹرافی دی۔سیریز اور میچ کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔

اس موقع پر چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے گراؤنڈ سٹاف سے ملاقات کی اور تمام گراؤنڈ سٹاف کو بہترین پچز تیار کرنے پر شاباش دی اور بھرپور حوصلہ افزائی کی۔چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے گراؤنڈ سٹاف کی محنت کو سراہتے ہوۓ کہا کہ گراؤنڈ اور پچز کی تیاری میں آپ کی محنت شامل ہے۔