مونٹریال(نمائندہ خصوصی)پاکستان کے ہائی کمشنر برائے کینیڈا، سفیر محمد سلیم نے 22 اپریل 2025 کو مونٹریال میں بین الاقوامی سول ایوی ایشن تنظیم (ICAO) کے سیکریٹری جنرل محترم جوان کارلوس سالازار کو پاکستان کے نمائندے کے طور پر اپنی اسناد پیش کیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سفیر محمد سلیم نے ICAO کے مقاصد سے متعلق پاکستان کے مستقل عزم اور کردار پر روشنی ڈالی، جن میں فضائی حفاظت، ہوابازی کی رہنمائی، گنجائش و کارکردگی، بین الاقوامی فضائی نقل و حمل کی سیکیورٹی اور سہولت کاری، اور ماحولیاتی تحفظ شامل ہیں۔
انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ پاکستان نے 1973 سے 2007 تک ICAO کونسل کا رکن رہتے ہوئے تنظیم کی مشاورت اور پالیسی سازی کے عمل میں نمایاں کردار ادا کیا۔سفیر محمد سلیم نے پاکستان کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ہوابازی کے شعبے کے لیے ICAO سے مسلسل تعاون کی درخواست کی۔سیکریٹری جنرل نے ICAO سیکریٹریٹ اور اس کے علاقائی دفتر بنکاک کے ساتھ پاکستان کے جاری تعاون کو سراہا۔

