پاکستان کبڈی فیڈریشن کی پگ چوہدریوں کے سر سچ گئی

چوہدری سالک صدر چوہدری شافع چیئرمین بن گئے، رانا سرور بدستور پرانی تنخواہ پر کام کریں گے

لیسکو سمیت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کبڈی کی قومی چیمپئن بننے میں کامیاب

پاکستان کبڈی فیڈریشن کے جنرل کونسل اجلاس میں اگلی چار سالہ مدت کیلئےنئے عہدیداروں کا چناؤ عمل میں لایا گیا۔ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین بلا مقابلہ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے نئے صدر اور چوہدری شافع حسین چیئرمین جبکہ رانا سرور سیکرٹری جنرل بن گئے۔ لاہور کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ اجلاس میں پاکستان کبڈی فیڈریشن سے الحاق رکھنے والے یونٹس سمیت انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن، پی او اے اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ہاؤس نے اگلی چار سالہ مدت کیلئے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کو پاکستان کبڈی فیڈریشن کے نئے صدر، چوہدری شافع حسین کو چیئرمین بنانےکی منظوری دی۔

رانا سرور سیکرٹری، سہیل احمد خان خزانچی کے عہدہ پر منتخب ہوئے، کرنل نبیل احمد، لیفٹینٹ کمانڈر کلیم اللہ اور رائے اصغر نائب صدور منتخب ہوئے۔ اختر عباس کو ایسوسی ایٹ اور رانا امجد اقبال کو جوائنٹ سیکریٹری نامزد کیا گیا۔ اجلاس میں اگلے سال ملائیشیا کوالالمپور میں منعقد ہونے والے کبڈی ورلڈ کپ کی بھرپور تیاری کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔ چیئرمین کبڈی فیڈریشن چوہدری شافع کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں وزیراعظم کبڈی کپ میں ترکیہ اور چین کی ٹیموں کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ کرکٹ کی طرح کبڈی کی پرموشن کیلئےرواں سال کبڈی لیگ کرائی جائے گی۔ قبل ازیں لیسکو سمیت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے کھلاڑیوں پر مشتمل واپڈا کی ٹیم کبڈی کی قومی چیمپئن بن گئی جس نے فائنل میں آرمی کو ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں