پاکستان کی نمائندگی اعزاز ، 2006 میں انڈر 19 ورلڈ کپ اور 2017 میں چیمپئنز ٹرافی جیتنا یادگار لمحات ہیں:سرفراز احمد
انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد سابق کپتان سرفراز احمد نے چئیرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سابق کپتان مصباح الحق، اسد شفیق، عاقب جاوید بھی موجود تھے۔ محسن نقوی نے پاکستان کرکٹ کے لئے سرفراز احمد کی گراں قدر خدمات کو سراہا اور انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر اعزازی شیلڈ دی۔
محسن نقوی نے سرفراز احمد کے مسقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوۓ کہا آپ نے کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کا حق ادا کرکے پاکستان کرکٹ کو کامیابیوں سے ہمکنار کیا ہے پاکستان کرکٹ ہمیشہ آپ کے احسانات کی مقروض رہے گی ان کا کہنا تھا پاکستان کرکٹ آپ کے تجربے اور صلاحیتوں سے استفادہ جاری رکھے گی۔ قبل ازیں سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا، 2006 میں انڈر 19 ورلڈ کپ اور 2017 میں چیمپئنز ٹرافی جیتنا میرے کیریئر کے یادگار لمحات ہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ہمیشہ میرے دل کے قریب رہے گی اور میں ہر ممکن طریقے سے کھیل کی خدمت کرتا رہوں گا۔ سرفراز احمد نے پاکستان کے لیے 54 ٹیسٹ، 117 ون ڈے انٹرنیشنل اور 61 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے، انہوں نے اپنے کیریئر میں مجموعی طور پر 6164 رنز بنائے اور وکٹوں کے پیچھے 315 کیچز اور 56 اسٹمپنگز کیں۔
سرفراز احمد نے پاکستان کی 100 انٹرنیشنل میچز میں قیادت کی، ان ہی کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 جیتی تھی۔ سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں عالمی نمبر ایک رینکنگ تک پہنچی۔ سرفراز احمد پاکستان کے واحد کپتان ہیں جنہوں نے جونیئر اور سینئر دونوں سطح پر آئی سی سی ٹائٹل جیتے،حکومتِ پاکستان نے انہیں 2018 میں پرائڈ آف پرفارمنس سے نوازا تھا۔

