پاکستان کرکٹ بورڈ کا بنگلادیش کرکٹ ٹیم کی آمد کا تبدیل شدہ شیڈول کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلادیش کرکٹ ٹیم کی آمد کے تبدیل شدہ شیڈول کا اعلان کردیا۔پی سی بی اعلامیے کے مطابق بنگلادیش کرکٹ ٹیم 17 اگست کے بجائے اب 13 اگست کو لاہور پہنچے گی۔بنگلادیش کرکٹ ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو ٹیسٹ میچز کھیلنے پاکستان آرہی ہے۔پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ٹیسٹ میچز راولپنڈی اور کراچی میں بالترتیب 21 سے 25 اگست اور 30 اگست سے 3 ستمبر تک کھیلے جائیں گے۔واضح رہے کہ بنگلادیش کرکٹ ٹیم کو پہلے 17 اگست کو اسلام آباد پہنچنا تھا، وہ اب 13 اگست کو لاہور پہنچے گی۔ٹیم 14 سے 16 اگست تک قذافی اسٹیڈیم میں ٹریننگ کرے گی اور 17 اگست کو اسلام آباد جائے گی، 18 سے 20 اگست تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کرے گی۔
ڈھاکا میں حالیہ واقعات کی وجہ سے بنگلادیش ٹیم کی تیاریاں متاثر ہوئی ہیں لہٰذا پی سی بی نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کو اپنی ٹیم پہلے بھیجنے کی دعوت دی تھی۔پی سی بی نے بی سی بی سے کہا تھا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ان کی ٹیم کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میچز سے قبل مناسب ٹریننگ کے مواقع میسر ہوں .پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ کھیل صرف جیت ہار کے بارے میں نہیں ہے، یہ دوستی کے بارے میں بھی ہے، ہمیں خوشی ہے کہ بنگلادیش نے ہماری سپورٹ کی پیشکش قبول کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ لاہور میں اضافی ٹریننگ سیشنز کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع فراہم کریں گے۔سلمان نصیر نے یہ بھی کہا کہ اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے اور چیلنجنگ حالات میں آئی سی سی ممبران کی حمایت اور مدد کرنے کے پی سی بی کے فلسفے کے مطابق کھیل کے فروغ، ترقی اور عالمگیریت میں اپنا اہم کردار ادا کرنے کےلیے ہم نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کو یہ پیشکش کی۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں خوشی ہے کہ بی سی بی نے ہماری پیشکش کو قبول کر لیا اور 13 اگست کو لاہور میں بنگلا دیش مینز کرکٹ ٹیم کا روایتی مہمان نوازی کے ساتھ استقبال کرنے کے ہم منتظر ہیں، اس سے وہ اسلام آباد جانے سے پہلے لاہور میں تین دن کی اضافی پریکٹس کر سکیں گے۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو نظام الدین چوہدری کا کہنا ہے کہ ہم پی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہماری ٹیم کو اضافی ٹریننگ کا موقع فراہم کیا ہے، اس سے ہمارے کھلاڑیوں کو موسمی حالات سے ہم آہنگی میں مدد ملنے کے ساتھ ساتھ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی بہتر تیاری میں بھی مدد ملے گی۔
2020 کے بعد یہ بنگلادیش کا پہلا دورہ پاکستان ہوگا،جب اس نے لاہور میں 3 ٹی 20 انٹرنیشنل اور راولپنڈی میں ایک ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔بنگلادیش نے لاہور میں اے سی سی ایشیا کپ 2023 کے 2 میچ افغانستان اور پاکستان کے خلاف بھی کھیلے۔بنگلادیش ان سات ٹیموں میں سے ایک ہے جو اگلے سال پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شرکت کریں گی، دیگر 6 ٹیمیں افغانستان، آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں