پاکستان کرکٹ تاریخ کا آج برا دن ہے کہ 23 سال میں پہلی بار پاکستان بنگلہ دیش سے ٹیسٹ میچ ہار گیا یہ ہار ہوم گراؤنڈ پر ہوئی ہے۔پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاک بنگلہ دیش ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم نے پاکستان کو پہلی بار ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر تاریخ رقم کر دی اور قومی ٹیم نے ہوم گراؤںڈ پر یہ میچ ہار کر ایک اور ہزیمت کا سامنا کیا ہے۔پنڈی ٹیسٹ کے آخری روز بنگلہ دیش نے جیت کے لیے ملنے والا 30 رنز کا انتہائی آسان ہدف بغیر کسی نقصان کے پورا کر کے 10 وکٹوں سے میچ جیت لیا ہے۔
اس سے قبل پاکستانی ٹیم کھانے کے وقفے کے بعد 146 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بنگلہ دیشی بولرز نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی بہترین بیٹنگ لائن کو پسپا کر دیا صرف محمد رضوان کسی حد تک مزاحمت کر سکے جنہوں نے 51 رنز بنائے۔کپتان شان مسعود ایک بار پھر بڑی اننگ کھیلنے میں ناکام رہے اور 14 کے انفرادی اسکور پر حسن مہمد کی وکٹ بن گئے۔ بابر اعظم کی خراب فارم جاری رہی اور وہ صرف 22 رنز ہی بنا سکے۔ عبداللہ شفیق (37)، سعود شکیل اور آغا سلمان رنز کا کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔کھانے کے وقفے کے بعد شاہین شاہ آفریدی (2) اور نسیم شاہ (3) کی وکٹیں اوپر تلے گر گئیں۔
اس موقع پر وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے کسی حد تک مزاحمت کی کوشش کی مگر وہ بھی 51 رنز کی انفرادی اسکور پر ہمت ہار بیٹھے۔ اس دوران کوئی دوسرا بیٹر ان کا ساتھ نہ دے سکا جبکہ پوری ٹیم صرف 146 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، یوں بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 30 رنز کا آسان ترین ہدف ملا۔شاہین شاہ (2)، نسیم شاہ (3)، صائم ایوب (1)، سعود شکیل اور آغا سلمان (0) پر پویلین لوٹے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے آل راؤنڈر مہدی حسن نے 4 جب کہ شکیب الحسن نے 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ شورف الاسلام، حسن محمود اور نہید رانا کے ہاتھ ایک ایک وکٹ آئی۔اس سے قبل گزشتہ روز بنگلہ دیش کی ٹیم نے جم کر پاکستانی بولرز کا سامنا کیا اور 565 رنز کا مجموعہ سجا کر پاکستان کی پہلی اننگ 448 رنز پر 117 رنز کی قیمتی برتری حاصل کر لی تھی۔
مشفق الرحیم نے 191 رنز کی شاندار اننگ کھیلی جب کہ اوپنر شادمان اسلام نے 93 اور مومن الحق نے 50 رنز اسکور کیے۔ مڈل اور لیٹ آرڈر میں مہدی حسن میراز اور لٹن داس نے بالترتیب 77 اور 56 رنز کی اننگ کھیل کر بنگلہ دیش کی پوزیشن کو مستحکم بنایا۔پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے تین، شاہین شاہ آفریدی، خرم شہزاد اور محمد علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان نے اپنی پہلی اننگ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام سے کچھ دیر قبل 448 رنز چھ وکٹوں پر ڈکلیئر کر دی تھی اور کپتان شان مسعود کا یہ فیصلہ ہی بیک فائر کر گیا۔
بنگلہ دیش کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی نا قابل شکست برتری حاصل ہوگئی ہے۔ دوسرا میچ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہی 30 اگست سے کھیلا جائے گا۔واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے اور پہلے ٹیسٹ میں شکست سے قومی ٹیم کے ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلنے کی امیدوں کو دھچکا پہنچا ہے۔