پاکستان کیلئے پہلا گولڈ میڈل جیتنے والے پہلوان دین محمد انتقال کر گئے

ایشین گیمز 1955 کے ہیرو کی عمر 100 برس تھی، نماز جنازہ باٹا پور میں ادا کی جائیگی

لاہور (نمائندہ خصوصی)پاکستان کے بین الاقوامی کھیلوں میں پہلے گولڈ میڈل کے فاتح پہلوان دین محمد انتقال کر گئے۔ انہوں نے 1955 کے ایشین گیمز میں پاکستان کے لیے طلائی تمغہ جیتا تھا، جو ملکی کھیلوں کی تاریخ میں ایک سنگِ میل ثابت ہوا۔

پہلوان دین محمد نے 1955 میں منعقدہ ایشین گیمز میں پہلوانی کے مقابلوں میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان کی تاریخ کا پہلا گولڈ میڈل جیتا تھا۔ ان کی اس کامیابی نے نہ صرف پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا بلکہ ملک میں کھیلوں کے میدان میں نئی راہیں کھولیں۔

فروری 2025 میں دین محمد نے اپنی 100ویں سالگرہ منائی تھی، اس موقع پر کئی سابق کھلاڑیوں اور حکومتی نمائندوں نے ان کی خدمات کو سراہا تھا۔

صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے دین محمد کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “پہلوان دین محمد ہماری قومی تاریخ کا افتخار تھے، ان کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔”پہلوان دین محمد کے انتقال سے پاکستان ایک عظیم کھلاڑی اور قومی ہیرو سے محروم ہو گیا ہے۔ ان کا نام ہمیشہ ملکی کھیلوں کی تاریخ میں سنہرے الفاظ میں لکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں