کپتان شان مسعود، امام الحق،محمد رضوان اور سلمان آغا کی عمدہ بیٹنگ
مہمان ٹیم کی خراب فیلڈنگ کئی کیچ ڈراپ کئے
پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف لاہور ٹیسٹ کے پہلے روز 5 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بناکر پوزیشن مستحکم کرلی۔قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں میزبان پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔امام الحق اور عبداللہ شفیق اوپننگ کیلۓ آۓ تو بدقسمتی سے عبداللہ شفیق کھیل کے پہلے ہی اوور کی تیسری گیند پر جنوبی افریقن باولر ربادا کے ہاتھوں 2 رن بنا کرایل بی ڈبلیو ہوگۓ ان کے بعد کپتان شان مسعود بیٹنگ کےلۓ آۓ۔شان مسعود نے انتہائی ذمہ دارانہ اور قائدانہ کردار ادا کرتے ہوۓ امام الحق کے ساتھ مل کر پاکستانی بیٹنگ کو بھرپور سہارا دیا جب پاکستان کا سکور 163 رنز پر پہنچا تو کپتان شان مسعود 76 رنز بنا کر سبرائن کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہو گۓ ان کی اننگ میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
شان مسعود اور امام الحق کے درمیان دوسری وکٹ کی شراکت میں 161رنز بنے۔امام الحق نے شاندار بیٹنگ کی لیکن نروس نائنٹیز کا شکار ہو گۓ 93 رنز کی اننگ کھیل کر پویلین لوٹ گۓ ان کی اننگ میں سات چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔بابر اعظم کی اننگ کا آغاز اچھا نہیں ہوا آتے ہی ایک چانس ملا جس کا وہ کوئی خاطر خواہ فائدہ نہ اٹھا سکا اور پریشر میں ہی کھیلتے ہوۓ 23 رنز بنا کر سائمن ہارمر کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہو گۓ۔سلمان آغا اورمحمد رضوان نے ٹیم کی بیٹنگ لائن کو سہارا دیتے ہوۓ سکور 313 رنز تک پہنچا دیا۔محمد رضوان 62 اور سلمان آغا 52 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں، دونوں کے درمیان اب تک 114 رنز کی پارٹنر شپ ہو چکی ہے۔

جنوبی افریقہ کی طرف سے موتھو سمی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سائمن ہارمر،ربادھا اور سبرائن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جنوبی افریقہ کے ساتھ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 27-2025ء کا حصہ ہے اور جنوبی افریقہ کی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی دفاعی چیمپئن ہے۔ پہلے ٹیسٹ میں فیلڈ امپائرز کرس برائن اور روڈ ٹکر ہیں جبکہ ٹی وی امپائر شرف الدولہ ہیں،میچ کے آفیشلز اسکوررز اظہر حسین، محمد عارف،اور میڈیا اسکوررز نجم السعید اور ظہور عالم ہیں۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کی پوری سیریز کیلۓ سری لنکا کے رنجھن مدوگالے کو میچ ریفری مقرر کیا گیا ہے۔

