پاکستان کی شاندار کامیابی: ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

فائنل میں مالدیپ کو 35 کے مقابلے میں 60 گولز سے شکست، 11 ممالک کے درمیان پاکستان سرفہرست

سیول (سپورٹس ڈیسک)پاکستان نے جنوبی کوریا میں ہونے والی ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ 2024-25 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں مالدیپ کو 25 گولز کے بڑے فرق سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق، پاکستانی ٹیم نے فائنل میں مالدیپ کو 35 کے مقابلے میں 60 گولز سے شکست دی اور ایشیا کی بہترین یوتھ نیٹ بال ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس تاریخی جیت کے ساتھ پاکستان نے نہ صرف چیمپئن شپ کا تاج پہنا بلکہ اپنی مسلسل فتوحات کی روایت کو بھی برقرار رکھا۔

چیمپئن شپ 27 جون سے 4 جولائی تک جنوبی کوریا میں منعقد ہوئی، جس میں 11 ایشیائی ممالک کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ انہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا.

گروپ اے: ملائیشیا، سنگاپور، سری لنکا، ہانگ کانگ، بھارت

گروپ بی: پاکستان، جاپان، مالدیپ، جنوبی کوریا، چینی تائیپی، سعودی عرب

سیمی فائنل میں پاکستان نے جاپان کو 39 کے مقابلے میں 64 گولز سے شکست دے کر فائنل کیلئےکوالیفائی کیا۔

پاکستانی ٹیم کی شاندار کھلاڑیوں میں لیئا رضا شاہ، علیشہ نوید، سمعیہ کوثر، حلیمہ، جیسمین فاروق، امانی، پریسا اور فرح رشید نے بہترین کھیل پیش کیا اور ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے چیئرمین مدثر آرائیں، صدر ثمین ملک اور سیکریٹری جنرل محمد ریاض نے ٹیم کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ یہ فتح نوجوانوں میں کھیلوں کی حوصلہ افزائی اور عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تاثر کیلئےایک سنگ میل ہے۔

پاکستان کی اس تاریخی فتح نے ایشیائی سطح پر کھیلوں کے میدان میں ایک نیا معیار قائم کیا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ حکومت اور اسپورٹس ادارے اس جیت کو مزید کامیابیوں میں بدلنے کیلئےنیٹ بال سمیت خواتین کھیلوں کی سرپرستی کو مزید فروغ دیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں