پاکستان کی پالیسی وقت آنے پر پوری دنیا دیکھے گی:عطا تارڑ

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ جب وقت آئے گا تو پوری دنیا دیکھے گی کہ پاکستان کی پالیسی کتنی واضح ہے۔عطا تارڑ نے کہا کہ افغان طالبان رجیم کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ دہشت گردوں کے ساتھ ہیں یا پاکستان کے ساتھ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے کئی تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں اور آپریشن غضب للحق کے اہداف واضح ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا موقف یہ ہے کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو ختم کرنا ضروری ہے اور اسی مقصد کے تحت افغانستان میں دہشت گردوں یا افغان طالبان رجیم کے انفراسٹرکچر پر حملے کیے گئے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ افغان طالبان رجیم نے اسپتال پر حملے کے بارے میں جھوٹا بیانیہ بنانے کی کوشش کی اور جھوٹی پوسٹس ڈیلیٹ کرنا پڑیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ جہاں بھی حملہ کیا گیا، وہاں ایمونیشن موجود تھی اور دھماکے اس کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے دہرایا کہ جب وقت آئے گا تو پوری دنیا دیکھے گی کہ پاکستان کی پالیسی کتنی واضح ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے اور تمام دوست ممالک کے ساتھ رابطے میں ہے۔