پاکستان کی” پہلگام” تحقیقات کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں:امریکی محکمہ خارجہ

واشنگٹن(نمائندہ خصوصی)امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا ہے کہ امریکا نے بھارت اور پاکستان سے مسلح تصادم بند کرنے کا کہہ دیا ہے، امریکا سمجھتا ہے کہ کشمیر میں جو کچھ بھی ہو رہا ہے وہ افسوسناک ہے، پہلگام واقعے پر امریکا پاکستان کے تحقیقات کے مطالبے کی حمایت کرتا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ترجمان ٹیمی بروس نے کہا کہ وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف اور بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے بات چیت کی۔

ترجمان نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں کو ٹیلیفونک کالز میں امریکی وزیر خارجہ نے فوری طور پر کشیدگی کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا، اور تشدد کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔

ٹیمی بروس نے بتایا کہ انہوں نے بھارت اور پاکستان کے درمیان براہ راست مذاکرات کے لیے امریکی حمایت کا اظہار کیا اور روابط بہتر بنانے کے لیے مسلسل کوششوں کی حوصلہ افزائی کی۔

انہوں نے کہا کہ فریقین سے کہتے ہیں کہ مسائل کےحل کے لیے ذمہ دارانہ اقدامات کریں، پاکستان نے پہلگام واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا، امریکا اس مطالبے کی حمایت کرتا ہے۔ٹیمی بروس نے بتایا کہ امریکی سیکریٹری خارجہ کی وزیر اعظم شہباز شریف اور بھارتی وزیر خارجہ سے بات ہوئی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ مارکو روبیو نے پاکستان اور بھارت سےکشیدگی کم کرنے پر بات کی ہے، پاکستان اور بھارت میں براہ راست رابطوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

ٹیمی بروس نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں بہت نازک اور خطرناک صورتحال ہے، تاہم جہاں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان سفارتی بات چیت ہو رہی ہو، یا کسی بھی سطح پر جہاں بات چیت ہو رہی ہو، (ہم تفصیلات پر بات نہیں کریں گے) یقیناً یہی ہماری پالیسی ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ جب رہنماؤں کے درمیان نجی طور پر کام ہو رہا ہو تو میڈیا یا عالمی میڈیا کو تفصیلات نہ بتانا ضروری ہے، اور ہمیں واقعی پوشیدہ رکھنے کی ضرورت ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ یقینی طور پر ہم بھارت اور پاکستان پر زور دیتے ہیں کہ وہ اس مسئلے کا ذمہ دارانہ حل تلاش کریں، ہم دونوں حکومتوں کے ساتھ متعدد سطحوں پر رابطے میں ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں