پاکستان کے فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی ہمارے لیے چیلنج ہیں: مچل مارش

لاہور (سپورٹس رپورٹر) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان مچل مارش نے کہا ہے کہ پاکستان کے فاسٹ بولرز کی تاریخ بہت اچھی رہی ہے اور شاہین شاہ آفریدی ایک معیاری بولر ہیں جو آسٹریلیا کیلئےچیلنج ثابت ہو سکتے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مچل مارش کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف سیریز دلچسپ ہوگی، آسٹریلوی ٹیم نے اچھی تیاری کی ہے اور وہ اس سیریز کے لیے پُرجوش ہیں۔ ان کے مطابق دونوں ٹیموں کے لیے یہ سیریز نہایت اہم ہے۔

آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل یہ سیریز کھیلی جا رہی ہے، کچھ کھلاڑی دبئی میں موجود تھے اور وہیں ٹریننگ کرتے رہے، زیادہ تر ٹیم نے دبئی میں ہی بھرپور تیاری کی ہے۔

مچل مارش کا کہنا تھا کہ کل کے میچ کے لیے ٹیم مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی، پاکستان کے کئی کھلاڑی بگ بیش لیگ کھیل چکے ہیں اور یقیناً انہوں نے اس تجربے سے لطف اٹھایا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے کھیلنے یا نہ کھیلنے کا فیصلہ وہ آج رات یا کل کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلیا نے پاکستانی اسپنرز کے خلاف بھی منصوبہ بندی کر رکھی ہے، جارحانہ انداز اپنانے کی کوشش کریں گے، تاہم یہاں کی کنڈیشنز آسٹریلوی ٹیم کے لیے چیلنجنگ ہوں گی۔