پاکستان کے نوجوان ہمارا اصل سرمایہ ہیں: سفیر ثقلین سیدہ

انکی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ھی پاکستان کا حقیقی تشخص پیش کرنے میں مدد ملے گی

برلن(شوکت گورایہ سے)سفیر ثقلین سیدہ نے آج پاکستان ہاؤس برلن میں “IBA+LUMS” (جرمنی میں IBA اور LUMS کے سابق طلباء) کیلئے ایک استقبالیہ کا اہتمام کیا۔

مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ جرمنی میں پاکستان کی کامیابی سے نمائندگی کرنے والے ایسے چہروں کو دیکھ کربہت خوشی ہوتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔ ان کی حقیقی صلاحیتوں کو بہر طور بروئے کار لا کر یقیناً پورے ملک کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے انسانی وسائل کی ترقی کیلئے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے شرکاء کو پاکستان سے جرمنی تک ہنر مند افراد کی نقل و حرکت کو مربوط و موثر بنانے کیلئےسفارت خانے کی کوششوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ تنظیم کے نمائندوں نے جرمنی میں اپنے پیشہ ورانہ سفر، کاروباری منصوبوں، اور جرمن جاب مارکیٹ میں ضم ہونے کی کوشش کرنے والے تارکین وطن کو سہولت فراہم کرنے کی بابت اپنی کوششوں کے بارے میں پریزنٹیشنز بھی دیں۔

شرکاء نے سفیر اور سفارت خانے کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے نوجوانوں کو آپس میں سہولت و رابطہ قائم کرنے اور باہم تعاون کا موقع فراہم کیا۔تقریب میں میں نوجوانوں اور پیشہ ور افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں