پاکستان ہاکی ٹیم نیشنز کپ فائنل کھیلنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئی

لاہور ( پاکستان ہاکی فیڈریشن، اسپورٹس میڈیا ڈیسک)پاکستان ہاکی ٹیم نیشنز ہاکی کپ 2025ء کا فائنل کھیلنے کے بعد ملائیشیا سے وطن واپس پہنچ گئی۔ ایئرپورٹ پر کھلاڑیوں کا عزیز و اقارب اور مداحوں نے پرتپاک استقبال کیا تاہم سرکاری سطح پر کوئی نمائندہ موجود نہ تھا۔

ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہیڈ کوچ طاہر زمان نے کہا کہ”لڑکوں نے جو محنت کی وہ قابلِ ستائش ہے۔ طویل وقفے کے بعد بین الاقوامی میچز کھیلنا آسان نہیں ہوتا۔ کھلاڑیوں کو سہولیات اور حوصلہ افزائی کی اشد ضرورت ہے۔”

انہوں نے مزید کہا”ڈیلی الاؤنس کا مسئلہ اب بھی درپیش ہے، ہم چاہتے ہیں کہ کھلاڑیوں کو مکمل سہولتیں فراہم کی جائیں۔ ٹیم کی رینکنگ میں بہتری آئی ہے اور کارکردگی مثبت سمت میں جا رہی ہے۔”

کپتان حماد بٹ نے جذباتی انداز میں کہا”بدقسمتی سے ہمارا کوئی استقبال کرنے نہیں آیا۔ باتوں سے کچھ نہیں ہو گا ہمیں عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ ہم محنت کرتے رہیں گے لیکن ریاستی سرپرستی ناگزیر ہے۔”

انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ہاکی میں طویل وقفے کے بعد واپسی ہوئی ہے، اور اس میں فائنل تک پہنچنا پاکستان ہاکی کیلئے ایک سنگ میل ہے۔ حماد بٹ نے واضح کیا”ٹیم کو ریکوری کا مناسب وقت نہیں ملا، اس کے باوجود ہم نے بہتر کارکردگی دی۔ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت ہاکی پر سنجیدگی سے توجہ دے۔”

پاکستان ہاکی ٹیم کی وطن واپسی پر جہاں کھیلوں کے حلقے ٹیم کی کارکردگی کو سراہ رہے ہیں، وہیں حکومتی بے اعتنائی پر تنقید بھی کی جا رہی ہے۔ کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کی جانب سے مالی و ادارہ جاتی مسائل کے حل اور طویل المدتی سپورٹ پروگرام پر زور دیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں