ٹورنٹو(اشرف خان لودھی سے) پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کیلئےآج ’پاک ؍کینیڈا سپورٹس گالا 2025 ‘کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ یہ ایونٹ قونصلیٹ جنرل آف پاکستان ٹورنٹو، ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP)، اور کینیڈین اسپورٹنگ گڈز ایسوسی ایشن (CSGA) کے مشترکہ تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد کینیڈا اور شمالی امریکہ کی مارکیٹوں میں پاکستانی کھیلوں کے سامان کی برآمدات کو نمایاں طور پر بڑھانا ہے۔
کینیڈامیں پاکستان کے ہائی کمشنر محمدسلیم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس نمائش کے نتائج کا جائزہ ایک سال بعد لیا جائے گا تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ کینیڈا کو بھیجی جانے والی ہماری کھیلوں کی مصنوعات کے حجم اور مالیت میں کس قدر اضافہ ہوا۔ انہوں نے مزید کہا، ’یہ ایونٹ کینیڈا اور شمالی امریکہ میں پاکستانی اسپورٹس گڈز کی برآمدات کیلئے ایک بہت بڑا محرک ثابت ہوگا۔‘

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کینیڈین اسپورٹنگ گڈز ایسوسی ایشن اس ایونٹ کی شریک اسپانسر ہے، جس سے پورے کینیڈا میں سیالکوٹ کے مینوفیکچررز اور پاکستانی کھیلوں کے سامان کی مارکیٹنگ میں بھرپور مدد ملے گی۔یہ اسپورٹس شو پاکستان کےبہترین مینوفیکچررز کو کینیڈا کے خریداروں کے ساتھ براہ راست روابط قائم کرنے کا ایک بہترین موقع فراہم کر رہا ہے، جس سے نہ صرف دو طرفہ تجارت کو فروغ ملے گا بلکہ عالمی منڈی میں پاکستان کی کھیلوں کی صنعت کی ساکھ بھی مزید مستحکم ہوگی۔
ٹورنٹومیں قونصل جنرل خلیل احمد باجوہ نے میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے بتایا آپ کو معلوم ہے کہ اگلے سال فیفا ورلڈ کپ منعقد ہو رہا ہے۔ اور اس کے کچھ میچز کینیڈا کے اندر بھی ہیں اور پھر اگر ہم کینیڈا کے اندر بات کریں تو ٹورنٹو کے اندر بھی جو ہے، تین میچز کھیلے جائیں گے۔تو اس معاملے میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان ٹورنٹو نے یہ فیصلہ کیا کہ پاکستان کی کھیلوں کی مصنوعات اور خصوصی طور پر میڈ ان پاکستان فٹبال جو کہ گزشتہ چار فٹبال فیفا ورلڈ کپ میں استعمال ہوا، اس کو متعارف کرایا جائے۔
اس سلسلے میں ہم نے پاکستان سے آٹھ لیڈنگ اسپورٹس گڈز کی ایکسپورٹر کمپنیز کومدعوکیاہے ، ان کے نمائندے یہاں پہ موجود ہیں اور ان کی مصنوعات یہاں ڈسپلے میں موجودہیں ۔اس کے ساتھ ساتھ ہم نے کینیڈا سے کینیڈین اسپورٹس گڈز ایسوسی ایشن کو بھی اپنے ساتھ شامل کیا ہے اور ان کی بھی بھرپور نمائندگی آج کے اس ایونٹ میں موجود ہے اور اس ساری نمائش کا مقصد یہ ہے کہ پاکستان کی بنی ہوئی کھیلوں کی مصنوعات اور خصوصی طور پر ورلڈ کپ میں استعمال ہونے والا میڈ ان پاکستان فٹبال یہاں کینیڈا میں متعارف کرایا جا سکے۔

