لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل ایک طنزیہ پرومو جاری کر دیا ہے، جس میں ہینڈ شیک کے ذکر کے ذریعے بھارت پر بالواسطہ طنز کیا گیا ہے۔
پروموشنل ویڈیو میں پاکستانی ثقافت، مہمان نوازی اور کرکٹ سے وابستگی کو نمایاں کیا گیا ہے۔ ابتدائی مناظر میں ایک غیر ملکی سیاح کو بادشاہی مسجد کا دورہ کرتے اور بعدازاں ایک ریسٹورنٹ میں من و سلویٰ پیش کیے جانے کا منظر دکھایا گیا ہے، جہاں اسے بتایا جاتا ہے کہ اس کا بل ’’آغا جی‘‘ نے ادا کر دیا ہے۔ یہ کردار قومی ٹیم کے کپتان سلمان آغا کا ہے، جبکہ بالر ابرار احمد سیاح کو کھانے سے لطف اندوز ہونے کا کہتے ہیں۔
ایک اور منظر میں آسٹریلوی سیاح ٹیکسی میں سفر کرتا ہے، جہاں ڈرائیور کرایہ لینے سے انکار کر دیتا ہے، تاہم سیاح مصافحہ کیے بغیر آگے بڑھ جاتا ہے تو ڈرائیور مزاحیہ انداز میں ہینڈ شیک یاد دلاتے ہوئے پڑوسیوں کے پاس رکنے کا طنز کرتا ہے۔ اس منظر کو 2025 کے ایشیا کپ کے دوران بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ نہ کرنے کے فیصلے کی طرف اشارہ قرار دیا جا رہا ہے، جس پر اس وقت خاصی بحث ہوئی تھی۔
پرومو میں آغا جی کے کردار کے ذریعے یہ پیغام بھی دیا گیا ہے کہ پاکستانی قوم مہمان نوازی میں مثال رکھتی ہے، تاہم کرکٹ کے میدان میں مقابلے کے لیے ہمیشہ تیار رہتی ہے۔ پی سی بی کے اس پرومو کے بعد بھارتی سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 29 جنوری سے ہوگا، جبکہ دوسرا اور تیسرا میچ بالترتیب 31 جنوری اور یکم فروری کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔

