پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام، 54 خوارج ہلاک

راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد سے خوارجیوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 54 خوارجیوں کو ہلاک کردیا۔انٹرسروسز پبلک ریلیشنز ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق خوارجیوں نے شمالی وزیرستان کےعلاقے حسن خیل سےدراندازی کی کوشش کی جسے ناکام بنادیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 54 خوارج ہلاک کردیے، ہلاک خوارجیوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے لئےبڑا دن ہے، سیکیورٹی فورسز کو اس حملے کی بروقت اطلاع مل گئی تھی اور فورسز خوارجیوں کی دراندازی سے برقت آگاہ ہوگئیں تھی جس کے بعد حکمت عملی کے تحت تین اطراف سے گھیر کر 54 خوارجیوں کو ہلاک کیا گیا، یہ اب تک جہنم رسید ہونے والے خوارجیوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس یہ معلومات کچھ دن سے تھیں کہ ان کے بیرونی آقا ان پر زور ڈال رہے تھے کہ یہ جلدازجلد پاکستان میں گھسیں اور وہاں کوئی ( دہشت گردانہ )سرگرمی انجام دیں، انہی معلومات کی بنیاد پر سرحدوں پر نگرانی اور چیکنگ سخت کردی گئی تھی اور اسی دوران ان خوارجیوں کی نشان دہی ہوگئی۔

وفاقی وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ بھارت جو بھی قدم اٹھارہا ہے وہ کہیں نہ کہیں پکڑا جارہا ہے یا انٹرسیپٹ ہورہا ہے، فتنہ خوارج پر بھی وہیں ( بھارت ) سے زور ڈالا جارہا تھا کہ پاکستان میں داخل ہوکر دہشت گردی کریں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایس پی آر نے جو تصاویر شیئر کی ہیں ان میں ان 54 دہشت گردوں کی لاشیں پڑی ہوئی دیکھی جاسکتی ہیں، اور یہ دنیا کیلئےبہت بڑا ثبوت ہے کہ کوئی تو ان دہشت گردوں کی پشت پناہی کررہا ہے، ان کا کوئی تو مقصد ہے، اور آج اس واقعے کے بعد ہم اور زیادہ پُریقین ہوگئے ہیں پاکستان کو کس کی وجہ سے نقصان پہنچ رہا ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ نے کہا اس آپریشن کیلئے ہماری تمام سیکیورٹی فورسز خراج تحسین کی حقدار ہیں۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ ہم ( پہلگام واقعے) کی شفاف اور غیرجانبدارانہ انکوائری کیلئے تیار ہیں اور اس سلسلے میں پورا تعاون کرینگے۔

اپنا تبصرہ لکھیں