پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام، سیکیورٹی فورسز نے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا

سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر دہشتگردوں کی جانب سے دراندازی کی کوشش ناکام بنادی، فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد ہلاک کردیے گئے۔

انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے 21 اور 22 جولائی کی درمیانی شب ضلع دیر میں پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش کی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کو کامیابی سے گھیرے میں لے لیا، اس دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان افغانستان سے متواتر اپنے بارڈر کو محفوظ بنانے کا مطالبہ کرتا آیا ہے۔ توقع ہے افغان عبوری حکومت اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے گی اور اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدیں محفوظ بنانے اور ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں