پاک بحریہ کا بحیرہ عرب میں جدید ترین میزائل کا کامیاب تجربہ

کراچی(نامہ نگار)پاک بحریہ نے اپنی آپریشنل تیاری اور جنگی صلاحیت کا اعادہ کرتے ہوئے شمالی بحیرہ عرب میں سطحِ آب سے فضا تک مار کرنے والے جدید میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق فائر پاور ڈیمونسٹریشن کے دوران پاک بحریہ کے ایک جہاز سے فائر کیے گئے جدید میزائل نے انتہائی متحرک فضائی ہدف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا، جس سے بحریہ کی جنگی صلاحیت اور ممکنہ لڑائی کی تیاری کا واضح اظہار ہوا۔

اس موقع پر کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل عبدالمُنیب نے ایف ایم-90 (این) ای آر میزائل کی فائرنگ کا مشاہدہ کیا۔ بعد ازاں انہوں نے اس مشق میں شامل افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، وابستگی اور تیاری کو سراہا۔

ریئر ایڈمرل عبدالمُنیب نے پاکستان کے سمندری دفاع کو ہر صورت یقینی بنانے اور قومی بحری مفادات کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔