پاک بھارت جنگ کی سی صورتِ حال میرے لئے باعثِ تکلیف ہے: انتونیو گوتریس

نیویارک(نمائندہ خصوصی)اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، پاکستان اور بھارت کے عوام کی امن مشنز میں کارکردگی پر شکرگزار ہوں۔

میڈیا بریفنگ کے دوران عالمی ادارے کے سربراہ نے کہا کہ دونوں ملکوں میں جنگ کی سی صورتِ حال میرے لیے باعثِ تکلیف ہے، پہلگام حملے کی مذمت اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتا ہوں۔

انتونیو گوتریس نے کہا کہ شہریوں کو نشانہ بنانا قابلِ قبول نہیں، حملہ آوروں کو کیفرِ کردار تک پہنچانا چاہیے، اِن حالات میں ایسی محاذ آرائی سے بچنا چاہیے جس سے جنگ کا خطرہ بنے۔

انھوں نے کہا کہ ایسی فوجی محاذ آرائی سے بچنا چاہیے جس کے قابو سے باہر ہو جانے کا خطرہ ہو، یہ اپنے آپ کو روکنے اور جنگ کے دہانے سے واپس لوٹنے کا وقت ہے۔

انتونیو گوتریس نے کہا دونوں ملکوں کو پیغام دیا ہے کہ کسی بھی مسئلے کا فوجی حل کوئی حل نہیں ہوتا۔ دونوں ملکوں میں قیام امن کیلئےاپنی خدمات پیش کرتا ہوں، اقوامِ متحدہ ایسی کاوش کی حمایت اور مدد کیلئےتیار ہے جس سے کشیدگی ختم ہو۔

انکا کہنا تھا کہ یو این ایسی کاوش کی حمایت اور مدد کیلئے تیار ہے جس سے سفارتکاری بڑھے اور امن قائم ہو۔

اپنا تبصرہ لکھیں