دبئی(پی سی بی+ آئی سی سی)ایشیا کپ کے سپر فور راؤنڈ میں پاکستان اور بھارت کے میچ کیلئےمتنازع ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو دوبارہ تعینات کر دیا گیا ہے، جس کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم نے بھارت کے خلاف میچ سے قبل اپنی پری میچ پریس کانفرنس منسوخ کر دی۔
ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کل مدمقابل ہونگے۔ پاکستانی ٹیم نے دبئی میں بھرپور تیاری کی ہے اور ٹیم میں ایک سے دو تبدیلیاں متوقع ہیں۔ پہلے میچ میں بھارت نے پاکستان پر بالواسطہ برتری حاصل کی تھی۔
پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور کپتان سلمان آغا کی سربراہی میں بلے بازوں کی بڑی میٹنگ کی گئی، جس میں کھلاڑیوں نے ایشیا کپ میں اپنی پچھلی ناکامیوں کا اعتراف کیا اور اسٹرائیک روٹیشن اور ڈاٹ بالز پر قابو پانے پر زور دیا۔ اس کے بعد ٹیم نے پریکٹس سیشن میں بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی بھرپور مشقیں کیں۔
میچ کے ٹکٹ کی کم سے کم قیمت 350 درہم (تقریباً 27 ہزار پاکستانی روپے) رکھی گئی ہے اور ٹکٹس کی مانگ میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
اینڈی پائیکرافٹ متنازعہ ریفری کے طور پر جانے جاتے ہیں، جنہوں نے 14 ستمبر کو ایشیا کپ کے چھٹے میچ میں بھارتی کرکٹ بورڈ کی ہدایت پر پاکستانی کپتان سلمان آغا کو ہاتھ ملانے سے روک دیا تھا۔ اس واقعے کے بعد بھارت کی ٹیم نے بھی ’نو ہینڈ شیک‘ کیا، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے میچ ریفری کو ایونٹ سے نکالنے کا مطالبہ کیا تھا۔ آئی سی سی نے مؤقف اختیار کیا کہ اینڈی پائیکرافٹ کا کردار معمولی تھا، تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دوسرا خط بھی ارسال کیا تھا اور بائیکاٹ کی دھمکی دی تھی۔
اینڈی پائیکرافٹ کے دوبارہ تعینات ہونے کے بعد پاک-بھارت میچ کے ماحول میں کشیدگی دیکھی جا رہی ہے، اور شائقین اس بڑے مقابلے کے نتائج کے منتظر ہیں۔

