لندن :پاک فوج کی کیمبرین ٹیم نے ویلز کے علاقے بریکن بیکنز ماؤنٹینز میں 4 سے 13 اکتوبر 2024 تک منعقد ہونے والے کیمبرین پٹرول 24 میں گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔پاک فوج نے ایکس سی پی 24 میں سب سے زیادہ 864 پوائنٹس حاصل کیے اور دنیا بھر سے 36 ممالک کی نمائندگی کرنے والی 118 ٹیموں کو شکست دی۔
پاک فوج کی 67 پنجاب رجمنٹ نے مقابلے میں اب تک کے سب سے زیادہ 864 پوائنٹس حاصل کرکے طلائی تمغہ جیتا۔ 67 پنجاب رجمنٹ نے مسلسل دوسرے سال ایونٹ میں حصہ لیا اور کامیابی حاصل کی۔ پنجاب رجمنٹ کا قیام 23 جولائی 1972ء کو عمل میں آیا۔ یہ اکائی فخر صحرائی کے نام سے مشہور ہے۔ اس نے خیبر اور اورکزئی ایجنسی میں دہشت گردوں کے خاتمے میں زبردست کامیابیاں حاصل کر چکی ہے۔
پاکستانی ٹیم کو ٹریننگ میجر ثاقب علی ملک، ٹیم منیجر میجر عثمان اقبال، پٹرول کمانڈر کیپٹن راجہ حسن رضا اور ریزرو پٹرول کمانڈر کیپٹن حمزہ طاہر شاہ نے تربیت دی۔یہ مشق 60 سال سے زائد عرصے سے سالانہ بنیادوں پر ہوتی ہیں اور یہ برطانوی فوج کی پرنسپل آل آرمز پٹرول مشق ہے اور یہ تینوں سروسز (ریگولر اور ریزرو) اور بین الاقوامی شرکاء کے لئے ہوتی ہیں۔
آرمی اینڈ ایئر ایڈوائزر برطانیہ کرنل تیمور راحت نے کہا کہ کیمبرین پٹرول بنیادی فوجی مہارتوں کا دنیا کا سب سے مشکل امتحان ہے۔ انہوں نے پاکستان کی جیت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایونٹ کے دوران شرکاء کی کارکردگی کا جائزہ بیٹل کرافٹ، انفرادی تربیت، مضبوطی اور قیادت جیسے عوامل کی بنیاد پر لیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیمبرین پٹرول ایک سالانہ بین الاقوامی فوجی مشق ہے جس میں حصہ لینے والے یونٹ48 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں 40 میل (65 کلومیٹر) کا کورس طے کرتے ہیں جبکہ کیمبرین پہاڑوں اور وسط ویلز (بریکن بیکنز نیشنل فاریسٹ) کی دلدل زمینوں میں متعدد قسم کے فوجی مینوورز اور گشت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ پوری قوم کے لئے فخر کی بات ہے کہ اس طرح کے بہادر، قابل اور سرشار افسران اور سپاہی موجود ہیں۔ کرنل تیمور نے کہا کہ جن ممالک کے پاس ایسی صلاحیتوں اور اقدار کے ساتھ فوج ہے وہ کسی بھی ملک کی سب سے بڑی خوش قسمتی ہے۔
اس ایونٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں برطانیہ،پاکستان ، میکسیکو ، قازقستان ، فن لینڈ ، جارجیا ، نیدرلینڈز ، کینیڈا ، فرانس ، گھانا ، جرمنی ، بیلجیئم ، سعودی عرب ، قبرص ، امریکہ ، آسٹریا ، یونان ، آسٹریلیا ، نیپال ، بیلجیم ، اٹلی ، کوسوو ، البانیہ ، ترکمانستان ، آرمینیا ، چلی ، شمالی مقدونیہ ، اسپین ، گھانا ، چیک جمہوریہ ، فلپائن ، آذربائیجان ، آئرلینڈ ، پولینڈ ، قطر ، ازبکستان اور لتھوانیا کی ٹیمیں شامل تھیں.