راولپنڈی (آئی ایس پی آر) پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے 78ویں یومِ آزادی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج روایتی، غیر روایتی اور ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کیلئےپوری طرح تیار ہے، اور آزادی و خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ سرحدوں کے دفاع اور عوام کے تحفظ کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اپنے پیغام میں بزرگوں اور برصغیر کے مسلمانوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا، دہشت گردی کے خلاف بھاری جانی و مالی قربانیوں کا ذکر کیا، اور “معرکۂ حق” کے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے بھارتی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت اور فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ مئی 2025 میں بھارتی جارحیت کے جواب میں قوم کی حمایت سے پاک فوج نے آپریشن “بنیان مرصوص” کامیابی سے انجام دیا، جو تاریخ میں بہادری اور عزم کی مثال بن چکا ہے۔ پاکستان خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کا خواہاں ہے، تاہم قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بھی قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔ مسلح افواج کے سربراہان نے بانیانِ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ خودمختاری، علاقائی سالمیت اور آئین کی پاسداری کے لیے ہر قربانی دیں گے، اور عوام کے ساتھ اٹوٹ رشتے کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

