راولپنڈی( نمائندہ خصوصی+آئی ایس پی آر)چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک-چین دوستی ناقابل تسخیر ہے جو وقت کی ہر کسوٹی پر پوری اتری ہے۔ جی ایچ کیو میں پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے 98ویں یومِ تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور پی ایل اے کے تعلقات مضبوط اور برادرانہ ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی (PLA) کے 98ویں یومِ تاسیس کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ مہمانِ خصوصی تھے۔
تقریب میں دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ زونگ، چینی سفارتخانے کے افسران، اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی مہمانوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ چین کی ترقی، دفاع اور سلامتی میں پی ایل اے کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدلتی ہوئی عالمی اسٹریٹجک صورتحال کے باوجود پاک-چین تعلقات مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں اور دونوں افواج کے درمیان بھائیوں جیسے تعلقات ہیں۔
انہوں نے پاک فوج اور پی ایل اے کی شراکت کو مشترکہ اسٹریٹجک مفادات کا محافظ قرار دیتے ہوئے اس پر فخر کا اظہار کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ چین کی اسٹریٹجک شراکت داری کے لیے غیر متزلزل حمایت اور عزم کا اعادہ کیا۔
پاک-چین دوستی کو دونوں ممالک نے ہمیشہ عالمی اور علاقائی چیلنجز کے باوجود ترجیح دی ہے، اور یہ شراکت داری امن، ترقی اور استحکام کی علامت بن چکی ہے۔

