پروفیسر ڈاکٹر آصف بشیر یو ایس سوسائٹی آف نیورولوجیکل سرجنز کے تاحیات اعزازی رکن منتخب

پاکستان کے معروف نیورو سرجن پروفیسر ڈاکٹر آصف بشیر یونائیٹڈ اسٹیٹس سوسائٹی آف نیورولوجیکل سرجنز کے تاحیات اعزازی رکن منتخب ہوگئے۔ڈاکٹر آصف بشیر کا بطور رکن انتخاب ہارورڈ یونیورسٹی کے پروفیسر انتونیو چیوک کی زیر صدارت اجلاس میں خفیہ رائے شماری کے دوران ہوا۔پروفیسر ڈاکٹر آصف بشیر کا شمار پاکستان میں موجود ان 2 نیورو سرجنز میں سے ایک میں ہوتا ہے جو امریکن بورڈ سرٹیفائیڈ ہیں۔اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر آصف بشیر کی پیشہ ورانہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کی خدمات پر خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔نیورو سرجنز سوسائٹی کا رکن منتخب ہونا کسی بھی نیورو سرجن کےلیے سب سے بڑا اعزاز ہوتا ہے۔ڈاکٹر آصف بشیر پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائنسز لاہور میں نیورو سرجری ڈپارٹمنٹ کے سربراہ اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈین کے طور پر فرائض سر انجام دے رہے ہیں جبکہ طب کے شعبہ میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں انہیں صدارتی ایوارڈ ‘تمغہ امتیاز’ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔سوسائٹی آف نیورولوجیکل سرجنز ہارورڈ سمیت مختلف یونیورسٹیز اور اداروں کے سربراہان پر مشتمل 100 برس سے قائم دنیا کی قدیم ترین سوسائٹی ہے۔ڈاکٹر آصف بشیر نے نیورو سرجنز کی نمائندہ تنظیم سوسائٹی آف نیورولوجیکل سرجنز کا رکن منتخب ہونا اپنے لیے باعث فخر قرار دیا اور اس اعتماد پر سینئر کشنگ سوسائٹی یو ایس اے کے اراکین کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں