اینٹی کرپشن پنجاب نے سابق وزیراعلیٰ اور تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر پرویز الہٰی کو ایک بار پھر طلب کرلیا۔
اینٹی کرپشن پنجاب نے پرویز الہٰی کی طلبی کے حوالے سے نوٹس جاری کیا ہے، جس کے مطابق سابق وزیراعلیٰ کو میڈیا کے اشتہارات کی مد میں رقم سے متعلق انکوائری میں طلب کیا گیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا کہ پرویز الہٰی پر میڈیا ہاؤسز کو غیر قانونی طور پر 2 اعشاریہ 4 ارب روپے جاری کرنے کا الزام ہے۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق پرویز الہٰی تفتیش کےلیے اینٹی کرپشن لاہور آفس میں پیش ہوں، عدم پیشی کی صورت میں یکطرفہ کارروائی کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق پرویز الہٰی نے اینٹی کرپشن کا نوٹس وصول کرلیا ہے، اُن کی لیگل ٹیم سے مشاورت جاری ہے۔
یاد رہے کہ پرویز الہٰی اینٹی کرپشن کے مختلف مقدمات میں ضمانت ملنے پر 21 مئی کو جیل سے رہا کیے گئے تھے۔