لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ ان کی خواہش ہے جب وہ پریس کانفرنس میں آئیں تو بابر اعظم کے بارے میں سوال نہ کیے جائیں اور انہیں تنقید سے ہٹا کر صرف بیٹنگ کرنے دیا جائے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق کھیلنا ہی اصل ذمہ داری ہے، اگر ٹیم کو چھ کے رن ریٹ کی ضرورت ہو تو اسی حساب سے کھیلوں گا اور اگر دس کے رن ریٹ کی ضرورت ہو تو اس کے مطابق حکمت عملی اپناؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز انتہائی اہم ہیں اور یہ سیریز پاکستان کے لیے ایک اچھا موقع ہے۔ سلمان علی آغا کے مطابق آسٹریلوی ٹیم کا مائنڈ سیٹ ہمیشہ ایک جیسا ہوتا ہے اور اگر ان کے کچھ مرکزی کھلاڑی دستیاب نہیں بھی ہیں تو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، پاکستان کے پاس سیریز جیتنے کا بہترین موقع موجود ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کوئی ٹیم چھوٹی یا بڑی نہیں ہوتی اور کھلاڑی اپنی مرضی کے نمبر پر کھیلنے کے بجائے ٹیم کی ضرورت کے مطابق میدان میں اترتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کل لاہور میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا اور تیسرا میچ بالترتیب 31 جنوری اور یکم فروری کو ہوگا۔ سیریز کے تمام میچز شام 4 بجے شروع ہوں گے۔

