پشاور: ایف سی ہیڈکوارٹر پر بڑا حملہ ناکام، بمبار سمیت 3 خوارج ہلاک، 3 اہلکار شہید

پشاور(نامہ نگار)خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں صدر روڈ پر ڈینز ٹریڈ سینٹر کے بالمقابل فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹر پر خوفناک خودکش حملہ اور فائرنگ کی کوشش کا واقعہ پیش آیا ہے۔ اس حملے میں ایک بمبار سمیت 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جب کہ 3 ایف سی اہلکار شہید اور کم از کم 9 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ متاثرین میں 2 ایف سی اہلکار بھی شامل ہیں۔

پولیس اور سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، تینوں حملہ آور افغان شہری تھے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، ایک خودکش بمبار نے ایف سی ہیڈکوارٹر کے مرکزی گیٹ پر اپنا آپ دھماکے سے اڑا دیا جبکہ باقی دو اندر داخل ہونے کی کوشش میں مارے گئے۔ ایف سی اہلکاروں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان دونوں کو فائرنگ کرکے روکا۔

انسپکٹر جنرل خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے واقعے کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ ریسکیو ٹیمیں اور ایمبولینس فوراً جائے وقوع پر پہنچ گئیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کی کلیئرنس ابھی جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز پورے علاقے کو محاصرے میں لے چکی ہیں۔

کیپیٹل سٹی پولیس افسر (سی سی پی او) میاں سعید نے کہا ہے کہ تینوں خودکش حملہ آور مارے گئے ہیں اور ایف سی جوانوں نے بہادری سے ان کا مقابلہ کیا اور حملے کو ناکام بنایا۔ڈپٹی کمانڈنٹ ایف سی جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ حملے کے دوران دہشت گردوں کو مکمل طور پر غیر فعال کیا گیا ہے اور ہلاک شدگان میں سے ایک نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جبکہ دو دیگر کو فائرنگ سے مارا گیا۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق، زخمیوں میں 2 ایف سی اہلکار اور 7 شہری شامل ہیں، اور تمام زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔ ان کی حالت فی الحال تسلی بخش بتائی جاتی ہے۔سیکیورٹی ذرائع مزید بتاتے ہیں کہ حملہ آوروں کے قبضے سے ہتھیار اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ علاقے کی مکمل کلیئرنس کا آپریشن جاری ہے تاکہ باقی ممکنہ خطرات کو ختم کیا جا سکے۔