پشاور: سیلاب زدگان کیلئے چیریٹی میچ، زلمی نے لیجنڈز الیون کو 6 رنز سے شکست دی

پشاور(سپورٹس ڈیسک)خیبرپختونخوا میں سیلاب متاثرین کی امداد کیلئےپشاور کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں نمائشی چیریٹی میچ کھیلا گیا، جس میں پشاور زلمی نے لیجنڈز الیون کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست دے دی۔

بابر اعظم کی قیادت میں کھیلنے والی پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 144 رنز اسکور کیے۔ بابر اعظم نے شاندار 41 رنز کی اننگز کھیلی، یاسر حمید نے 35 اور عامر برکی نے 24 رنز بنائے۔لیجنڈز الیون کی جانب سے شاہد آفریدی اور عبدالرزاق نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد حفیظ اور سعید اجمل نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ہدف کے تعاقب میں لیجنڈز الیون کی ٹیم مقررہ 15 اوورز میں 138 رنز بنا سکی۔ انضمام الحق نے شاندار 46 اور اظہر محمود نے 34 رنز بنائے تاہم ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکے۔ پشاور زلمی کے محمد عرفان اور بابر اعظم نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سلمان خان اور ذوالفقار بابر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

یہ میچ پشاور زلمی، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف اسپورٹس خیبرپختونخوا اور حکومت خیبرپختونخوا کے اشتراک سے منعقد ہوا۔ اس مقابلے سے حاصل ہونے والی آمدنی براہِ راست سیلاب زدگان میں تقسیم کی جائے گی۔اہم بات یہ ہے کہ تمام شریک کھلاڑیوں نے میچ فیس لینے سے انکار کیا اور اپنی شرکت کو سیلاب متاثرین کے ساتھ یکجہتی کے طور پر پیش کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں