پشاور (نامہ نگار) تھانہ ارمڑ کی حدود میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں مفتی منیر شاکر جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پشاور دھماکے میں زخمی ہونے والے چاروں افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
دھماکے کے نتیجے میں مفتی منیر شاکر بھی شدید زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا مبینہ طور پر دیسی ساختہ بم کا تھا۔پولیس کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع س شواہد اکٹھے کررہا ہے۔
پولیس کے مطابق افطار سے قبل پشاور کے علاقے ارمڑ میں مسجد کے باہر آئی ای ڈی دھماکا ہوا جس میں مفتی منیر شاکر سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق دھماکے سے مسجد کی دیوار کو جزوی نقصان پہنچا، زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور منتقل کیا گیا۔
ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کے مطابق مفتی منیرشاکر کو تشویشناک حالت میں اسپتال لایا گیا تھا، مفتی منیر شاکر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے،مفتی منیر شاکر کا جسد خاکی اسپتال سے گھر منتقل کیا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکے کے تین زخمی اسپتال میں زیر علاج ہیں، بی ڈی یو جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر رہی ہے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پشاور میں مسجد کے باہر دھماکےکی مذمت کرتے ہوئے پولیس حکام سے واقعےکی رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعلیٰ نے دھماکے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹرمحمدعلی سیف نے بم دھماکے میں مفتی منیرشاکرکی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئےکہا ہےکہ علماء کرام پر حملے انتہائی تشویشناک اور قابل مذمت ہیں، معصوم جانوں کے قاتل انسانیت کے دشمن ہیں۔صوبائی مشیرصحت احتشام علی نے بھی مفتی منیر شاکرکی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔

