’پلپ فکشن‘ اور ’دی ماسک‘ کےولن پیٹر گرین نیویارک میں مردہ پائے گئے

نیویارک (ایجنسیاں)ہالی ووڈ فلموں پلپ فکشن اور دی ماسک میں یادگار کردار ادا کرنے والے 60 سالہ اداکار پیٹر گرین کو نیویارک سٹی کے علاقے لوئر ایسٹ سائیڈ میں واقع اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ حالت میں پایا گیا۔

پولیس سے گفتگو کرنے والے ایک ہمسائے کے مطابق پیٹر گرین کی لاش جمعے کی دوپہر 3 بج کر 25 منٹ پر کلنٹن اسٹریٹ کے قریب واقع ان کے گراؤنڈ فلور اپارٹمنٹ سے ملی۔ ہمسائے کے مطابق کئی دنوں سے فلیٹ کے اندر کرسمس میوزک چلنے کی آوازیں آ رہی تھیں، جس پر رہائشیوں نے اطلاع دی۔

ہمسايے کے مطابق پیٹر گرین فرش پر اوندھے منہ پڑے تھے، چہرے پر چوٹ کے نشانات اور خون موجود تھا، جبکہ دروازے پر ایک ہاتھ سے لکھی گئی تحریر بھی تھی جس میں لکھا تھا، “I’m still a Westie”، جو 1970 اور 1980 کی دہائی میں سرگرم آئرش نژاد امریکی گینگ کی طرف اشارہ ہے۔

اداکار کے طویل عرصے سے منیجر گریگ ایڈورڈ نے تصدیق کی ہے کہ پیٹر گرین کے اہلِ خانہ کو اطلاع دے دی گئی ہے۔ ان کے مطابق پیٹر گرین ایک منفرد شخصیت اور دنیا کے بہترین کیریکٹر اداکاروں میں سے ایک تھے اور ان کا دل بہت صاف تھا۔ گریگ ایڈورڈ کا کہنا تھا کہ پیٹر گرین حال ہی میں ان سے رابطے میں تھے اور پھیپھڑوں کے قریب ایک غیر سرطانی رسولی کے آپریشن کی تیاری کر رہے تھے۔

منیجر کے مطابق پیٹر گرین کو مکی رورک کے ساتھ فلم Mascots میں کاسٹ کیا گیا تھا جبکہ وہ دیگر پراجیکٹس کے لیے بھی زیر غور تھے۔نیویارک پولیس نے تصدیق کی ہے کہ موقع سے ایک 60 سالہ شخص کی لاش ملی ہے، تاہم فوری طور پر نام ظاہر نہیں کیا گیا۔ پولیس کے مطابق تاحال موت کی وجہ یا کسی مجرمانہ پہلو کے شواہد سامنے نہیں آئے۔

پیٹر گرین نے ماضی میں 1990 کی دہائی میں منشیات کی لت کے ساتھ اپنی جدوجہد کے بارے میں کھل کر بات کی تھی۔ ان کے کردار پلپ فکشن میں زیڈ اور دی ماسک میں ڈورین ٹائرل آج بھی شائقین کو یاد ہیں۔پولیس کے مطابق موت کی حتمی وجہ کا تعین نیویارک کے میڈیکل ایگزامنر کی رپورٹ کے بعد کیا جائے گا۔