پنجاب حکومت پی آئی اے کو خریدنے کا ارادہ نہیں رکھتی: مریم اورنگزیب

قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی نجکاری کے حوالے سے پنجاب حکومت کے اس کی خریداری کے حوالے سے اہم خبر سامنے آ گئی ہے۔قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی نجکاری ایک مسئلہ بنی ہوئی ہے۔ گزشتہ دنوں اس کی بولی ناکام ہونے کے بعد پہلے کے پی حکومت کی جانب سے پی آئی اے خریدنے کا عندیہ ظاہر کیا گیا جس کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کا یہ اہم بیان سامنے آیا کہ ان کی قومی ایئر لائن خریداری کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے بات چیت ہوئی ہے۔


یہ گفتگو میڈیا میں منظر عام پر آنے کے بعد اس حوالے سے چہ مہ گوئیاں ہونے لگیں جس کی پنجاب حکومت کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے وضاحت کر دی ہے۔مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ پنجاب حکومت پی آئی اے کو خریدنے کا ارادہ نہیں رکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے خریدنے کیلئے پنجاب حکومت میں کسی سطح پر بات چیت نہیں ہوئی۔ اس حوالے سے صرف جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، جس پر عوام توجہ نہ دیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نواز شریف نے لندن میں میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ پی آئی اے کی خریداری کے حوالے سے مریم نواز سے ان کی بات ہوئی ہے جس میں قومی ایئر لائن کو خرید کر بالکل برینڈ نیو ایئر لائن قائم کرنے اور ایئر پنجاب کے نام سے چلانے پر بات ہوئی تھی۔

اپنا تبصرہ لکھیں