پنجاب میں طوفانی بارشیں، راولپنڈی و چکوال میں ہنگامی صورتحال، 63 افراد جاں بحق

لاہور،راولپنڈی(نمائندگان+ایجنسیاں)پنجاب بھر میں طوفانی بارشوں نے شدید تباہی مچائی، راولپنڈی، چکوال، جہلم اور دیگر اضلاع میں ندی نالے بپھر گئے۔ صرف 24 گھنٹوں میں مختلف حادثات میں 63 افراد جاں بحق اور 290 سے زائد زخمی ہو گئے۔

راولپنڈی میں 15 گھنٹوں کے دوران 230 ملی میٹر بارش ہوئی جس سے نالہ لئی میں خطرناک حد تک پانی کی سطح بلند ہو گئی۔ سائرن بجا دیے گئے، اور فوج گوالمنڈی پل پہنچ گئی۔ متعدد علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو چکا ہے۔

چکوال میں کلاؤڈ برسٹ سے 423 ملی میٹر بارش ہوئی، کئی ڈیم اور پل ٹوٹ گئے، جبکہ 35 خاندانوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تمام متاثرہ اضلاع میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ہنگامی اجلاس طلب کرتے ہوئے چیف کمشنر اور ایم ڈی واسا سے فوری رپورٹ طلب کی ہے۔

پی ڈی ایم اے اور این ڈی ایم اے نے آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں مزید شدید بارش اور سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ عوام سے احتیاط برتنے اور اداروں سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں