پنجاب میں پہلی ای ٹیکسی سکیم کا آغاز، 1100 الیکٹرک ٹیکسیاں فراہم کی جائیں گی

لاہور (نمائندہ خصوصی) پنجاب حکومت نے ٹرانسپورٹ وژن 2030 کے تحت صوبے کی پہلی ای-ٹیکسی سکیم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے ابتدائی مرحلے میں 1100 الیکٹرک ٹیکسیاں شہریوں کو فراہم کی جائیں گی۔ یہ اقدام فضائی آلودگی کم کرنے، ایندھن کے اخراجات گھٹانے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

پنجاب حکومت نے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں جدید اور ماحول دوست سفری سہولیات کو فروغ دینے کے لیے پہلی ای-ٹیکسی سکیم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کے تحت 1100 الیکٹرک ٹیکسیاں شہریوں کو فراہم کی جائیں گی۔ دلچسپی رکھنے والے افراد اپنی درخواستیں “ای-ٹیکسی پنجاب” کی سرکاری ویب سائٹ پر 5 اکتوبر 2025 تک جمع کرا سکتے ہیں۔

حکومتی ترجمان نے کہا کہ یہ سکیم نہ صرف فضائی آلودگی میں کمی کا باعث بنے گی بلکہ شہریوں کے سفری اخراجات کو کم کرنے میں بھی مدد دے گی۔ اس اقدام سے بڑے شہروں میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید بنانے اور روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

منصوبے کے تحت حکومت خریداروں کو سبسڈی پر ڈاؤن پیمنٹ کی سہولت دے گی۔ سود کی ادائیگی حکومت خود کرے گی جبکہ 40 لاکھ سے 1 کروڑ روپے مالیت کی گاڑیوں پر حکومت خریدار کیلئے5 لاکھ 85 ہزار روپے بطور ڈاؤن پیمنٹ ادا کرے گی۔ باقی رقم شراکت دار بینک فنانس کریں گے۔

حکومت پہلے ہی الیکٹرک گاڑیوں کے لیے فنانسنگ اسکیم کی منظوری دے چکی ہے جس کے تحت شراکت دار بینک 6 لاکھ 65 ہزار روپے تک قرض فراہم کرینگے۔یہ سکیم پنجاب میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ اور شہریوں کو جدید سفری سہولت فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں