پنجاب یونین آف جرنلسٹس کا نیشنل پریس کلب اسلام آباد پر پولیس دھاوا پر اظہار مذمت

لاہور (نمائندہ خصوصی) پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پولیس کے دھاوے اور صحافیوں پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف سے واقعہ کا فوری نوٹس لینے اور اسلام آباد پولیس کے ذمہ دار حکام کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

تنظیم کے صدر نعیم حنیف، جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی، سینئر نائب صدر یوسف رضا عباسی، نائب صدر ندیم زعیم، جوائنٹ سیکرٹری مدثر حسین تتلہ، شیر علی خالطی، خزانچی نسیم قریشی اور ایگزیکٹو کونسل نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ نیشنل پریس کلب سمیت پاکستان بھر کے پریس کلب آزادی صحافت اور آزادی اظہار کی علامت ہیں، لیکن پولیس نے مظاہرین کی آڑ میں نیشنل پریس کلب کے اندر گھس کر دھاوا بولتے ہوئے آزادی صحافت پر سنگین ترین حملہ کیا ہے جس کی شدید مذمت کی جاتی ہے۔

پی یوجے کے صدر نعیم حنیف نے کہا کہ پاکستان کے صحافی اس وقت تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہے ہیں۔ ایک طرف پیکا جیسے کالے قوانین کے ذریعے صحافیوں کو ملک بھر میں مقدمات کا سامنا ہے جبکہ دوسری طرف اب پریس کلب کے اندر کھلے عام پولیس گردی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس واقعے کے ذمہ داران کے خلاف فوری سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

پی یوجے کے جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی نے کہا کہ پاکستان میں شہری آزادی اور آزادی صحافت کے تمام راستے محدود کیے جا رہے ہیں اور عالمی سطح پر بھی پاکستان آزادی صحافت کے حوالے سے 156 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ سے مطالبہ کیا کہ وہ واقعہ کے ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ پی ایف یوجے کی قیادت کو چاہیے کہ وہ اس معاملہ پر فوری طور پر ملک گیر احتجاج کی کال دے جس میں پی یو جے بھرپور شرکت کرے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں