لاہور(اسپورٹس ڈیسک)قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں جنوبی افریقہ ویمنز نے پاکستان ویمنز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پاکستان ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں پر 255 رنز بنائے۔ اوپنر سدرہ امین نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ایک روزہ کرکٹ میں اپنی پانچویں سنچری اسکور کی اور 121 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ ان کے ہمراہ منیبہ علی نے 76 اور آل راؤنڈر عالیہ ریاض نے 33 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے آیابونگا کھاکا نے 2 جبکہ ٹومی سیکھو کھونے ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پروٹیز بیٹرز نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ ماریزان کیپ نے 116 اور تیزمین برٹس نے 101 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو ہدف تک پہنچایا۔ جنوبی افریقہ نے 2 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کیا۔ پاکستان کی جانب سے رامین شمیم اور سعدیہ اقبال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ 19 اور تیسرا 22 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

