راولپنڈی (سپورٹس ڈیسک)جنوبی افریقہ نے پاکستان کو تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے مقابلے میں 55 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستانی ٹیم 195 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 19ویں اوور میں 139 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے 37 اور صاحبزادہ فرحان نے 24 رنز کی اننگز کھیلیں، جبکہ بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔کپتان سلمان علی آغا صرف 2 رنز بنا سکے اور حسن نواز نے 3 رنز جوڑے۔
اس سے قبل، پاکستان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔مہمان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔ریزا ہنڈریکس نے 40 گیندوں پر 60، جارج لنڈے نے 36، اور ٹونی ڈی زورزی نے 16 گیندوں پر 33 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 26 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں،جبکہ صائم ایوب نے 2، اور شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ لی۔
میچ سے قبل قومی کپتان سلمان علی آغا نے امید ظاہر کی تھی کہ ٹیم بہترین کارکردگی دکھائے گی،انہوں نے کہا کہ بابر اعظم اور نسیم شاہ کی واپسی سے اسکواڈ مضبوط ہوا ہے۔
جنوبی افریقہ کے کپتان ڈیونون فریرا نے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو وہ بھی پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے۔
“پاکستان کی پلیئنگ الیون”
سلمان علی آغا (کپتان)، صائم ایوب، صاحب زادہ فرحان، بابر اعظم، عثمان خان، حسن نواز، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد۔
سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی جمعہ کو لاہور میں کھیلا جائیگا، جہاں پاکستان کو سیریز میں واپسی کیلئے کامیابی درکار ہوگی۔

