وہی چال بے ڈھنگی، پاکستان کو پہلے ٹی ٹونٹی میں 9 وکٹوں سے شکست

لاہور (جنگ نیوز کینیڈا) بابر اعظم اور محمد رضوان کی غیر موجودگی میں نوجوان کھلاڑی اپنی دھاک بٹھانے میں ناکام، نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی میں قومی ٹیم کو نو وکٹوں کی عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قومی ٹیم محض 91 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔کیویزنے پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دیکر 5 میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے پہلے ٹی20 میچ میں نیوزی لینڈ کی دعوت پر پاکستان کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 18.4 اوورز میں 91 رنز پر ڈھیر ہوگئی، قومی ٹیم کے 8 بیٹرز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔اوپنرز محمد حارث اور حسن نواز کوئی رن بنائے بغیر پہلے ہی اوور میں پویلین واپس لوٹے، عرفان خان نے ایک رن بنا کر ٹیم کے سکور کا آغاز کیا مگر پھر وہ بھی اسی ایک رن پر آؤٹ ہوگئے، شاداب خان نے بھی 3 رنز بنا کر واپسی کا ٹکٹ کٹا لیا۔کپتان سلمان آغا کی مزاحتمی اننگ 18 رنز پر سمٹ گئی، جبکہ خوشدل شاہ 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عبدالصمد نے 7، جہانداد خان 17 رنز، شاہین شاہ آفریدی 1 اور ابرار احمد نے 2 رنز بناسکے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے کائل جیمیسن نے 4 اوورز میں صرف 8 رنز دے کر 3 پاکستانی بیٹرز کو میدان سے بے دخل کیا۔جیکب ڈفی نے 4 وکٹیں حاصل کیں، ایش سوڈھی نے 2 اور فوکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں کیویز نے ہوم گراؤنڈ کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور 92 رنز کا معمولی ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر 59 بالز قبل حاصل کرلیا، ٹم سائیفرٹ 44 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ فن ایلن 29 اور ٹم روبینسن 18 رنز بناکر نمایاں رہے۔پاکستان کی جانب سے کیویز کی واحد وکٹ ابرار احمد نے حاصل کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں