پہلگام واقعہ پر پاکستان اور بھارت سے تحمل کا مظاہرہ کریں:چین

بیجنگ(نامہ نگار)چین نے بھارت اور پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ ’ تحمل کا مظاہرہ ’ کریں، چینی وزارت خارجہ کی جانب سے یہ بیان پہلگام واقعے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے بعد سامنے آیا ہے۔

عالمی خبر رساں اداروں رائٹرز اور اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکن نے پریس بریفنگ میں کہا کہ ’ چین امید کرتا ہے کہ دونوں فریق تحمل کا مظاہرہ کریں گے، بات چیت اور مشاورت کے ذریعے متعلقہ اختلافات کو مناسب طریقے سے حل کریں گے، کسی سمجھوتے پر پہنچیں گے اور مشترکہ طور پر علاقائی امن و استحکام کو برقرار رکھیں گے۔’

ترجمان چینی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ ’ چین ان تمام اقدامات کا خیرمقدم کرتا ہے جو کشیدگی کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں۔ ’واضح رہے کہ چینی وزارت خارجہ کی جانب سے یہ بیان پاکستانی اور بھارت کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے بعد سامنے آیا ہے۔

پہلگام حملے کے بعد بھارتی افواج نے ملک بھر میں کئی فوجی مشقیں کی ہیں، رائٹرز نے ایک دفاعی اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ ان میں سے کچھ معمول کی تیاری کی مشقیں ہیں۔خیال رہے کہ پہلگام حملے کےبعد، جوہری ہتھیاروں سے لیس ممالک نے ایک دوسرے کے خلاف متعدد اقدامات کیے ہیں۔

واضح رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی علاقے پہلگام میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 26 افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں بیشتر سیاح تھے، ابتدائی طور پر اس واقعے کی ذمے داری ’ کشمیر ریزسٹنس’ ، جسے ’ دی ریزسٹنس فرنٹ ’ کے نام سے بھی جانا جاتا ہےتنظیم نے قبول کی تھی مگر بعد میں اس کی تردید کردی تھی۔

بھارت نے کوئی ثبوت پیش کیے بغیر حملہ آوروں کے سرحد پار روابط کا اشارہ دیا، جبکہ پاکستان نے اس حملے میں کسی بھی طرح ملوث ہونے کی سختی سے تردید کی ہے، نیز وزیر اعظم شہباز شریف نے واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں