سری نگر(نامہ نگار)پہلگام میں ایک ٹور گائیڈ نے اے ایف پی کو بتایا کہ وہ فائرنگ کی آواز سن کر موقع پر پہنچا اور کچھ زخمیوں کو گھوڑے پر سوار کرکے محفوظ مقام تک پہنچایا۔
وحید نامی ٹور گائیڈ کا کہنا تھا کہ اس نے کئی مردوں کو زمین پر مردہ حالت میں پڑے دیکھا جب کہ ایک عینی شاہد نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر بتایا کہ حملہ آور ’واضح طور پر خواتین کو نشانہ نہیں بنارہے تھے‘۔
بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق زندہ بچ جانے والی خاتون نے بتایا کہ وردی میں ملبوس کچھ لوگ اچانک سے سامنے آئے جو 20 منٹ تک وہاں موجود رہے اور بغیر کسی خوف کے سیاحوں پر فائرنگ کرتے رہے۔
عینی شاہد نے بتایا کہ جیسے ہی حملہ آوروں نے فائرنگ شروع کی، درجنوں افراد وہاں سے بھاگ گئے، لوگ خوف کے مارے ادھر اُدھر بھاگنے لگے۔بھارتی اخبارنے ایک نامعلوم سینئر پولیس افسر کے حوالے سے بتایا کہ حملہ ایک سڑک سے ہٹ کر واقع میدان میں ہوا، اور اس میں 2 یا 3 حملہ آور ملوث تھے۔

