متحدہ عرب امارات سےپہلی بار 3 بچوں کی ماں مس یونیورس کیلئے نامزد

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے ’مس یونیورس 2024ء‘ کے مقابلوں کیلئے پہلی بار نامزدگی پیش کر دی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ یو اے ای کی جانب سے نمائندگی کیلئے جس ماڈل کا انتخاب کیا گیا ہے وہ ناصرف شادی شدہ ہیں بلکہ 3 بچوں کی والدہ بھی ہیں۔

یہاں یہ واضح رہے کہ پہلے صرف 18 سے 28 سال کی عمر کے غیر شادی شدہ ماڈلز کو ہی مس یونیورس کے مقابلۂ حسن میں شرکت کی اجازت تھی، تاہم 2023ء میں عمر، قد، وزن اور ازدواجی حیثیت سے متعلق تمام پابندیوں کو ہٹا دیا گیا تاکہ خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا جا سکے۔

27 سالہ ایمیلیا ڈوبرایوا گزشتہ 10 برس سے امارات میں رہائش پزیر ہیں۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ملبوسات کے راؤنڈ میں ایمیلیا ڈوبرایو عبایا پہنیں گی جو متحدہ عرب امارات کیلئےایک شاندار خراجِ عقیدت ہو گا۔

ایمیلیا ڈوبرایو نے بتایا کہ اس عبایا کے نیچے والے حصے میں اس ملک سے لی گئی حقیقی ریت شامل ہو گی اور عبایا کا اوپر والا حصہ اس ملک کی جدیدیت کی عکاسی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ لباس حقیقی طور پر یو اے ای کی نمائندگی کرے گا، یہ دکھاتے ہوئے کہ کس طرح اس نے ریت سے ایک جدید ملک کی بنیاد رکھی ہے۔

واضح رہے کہ مس یونیورس کا گرینڈ ایونٹ 16 نومبر کو میکسیکو سٹی میں منقعد ہو گا، جس میں اماراتی امیدوار کو دنیا کے 130 ممالک کے حریفوں کا سامنا کرنا ہو گا۔متحدہ عرب امارات کے علاوہ 9 دیگر ممالک اس ایونٹ میں اپنا ڈیبیو کریں گے جن میں پہلی حجابی مقابلہ کرنے والی مس صومالیہ بھی شامل ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں