پیرس(ایاز محمود سے)فرانس میں پاکستانی سفارت خانے میں آج یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں فرانسیسی شہریوں کیساتھ ساتھ پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور ان کی جدوجہدِ آزادی کی حمایت کا اعادہ کرنا تھا۔
تقریب میں صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے جبکہ کشمیر تنازع کے پس منظر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔

ممتاز مقررین نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی جرات، قربانیوں اور آزادی کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے 5 اگست 2019 کے بھارتی یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت پر ایک اور حملہ ہیں۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ مقبوضہ کشمیر دنیا کے سب سے زیادہ عسکری علاقوں میں سے ایک ہے جہاں عوام خوف کے ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام پر ہونیوالے مظالم پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان کی حکومت، عوام اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی ہر سال یومِ یکجہتی کشمیر اس لیے مناتی ہے تاکہ نہ صرف کشمیری عوام سے محبت اور یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے بلکہ ان کے حقِ خودارادیت کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مقدمہ سیاسی، قانونی اور اخلاقی بنیادوں پر مضبوط ہے اور پاکستان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی جائز جدوجہد کی مکمل سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
سفیرِ پاکستان نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عالمی برادری کے ضمیر کے لیے ایک بڑا چیلنج ہیں اور مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کشمیریوں کی جدوجہد 1947 سے جاری ہے اور یہ ایک منصفانہ جدوجہد ہے جو آئندہ بھی جاری رہے گی۔ سفیر نے فرانس میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے انہیں تلقین کی کہ وہ اپنی نئی نسل کو کشمیر کی تاریخ اور جدوجہدِ آزادی سے آگاہ کریں۔

