پیرس اولمپکس میں میڈلز کی دوڑ شروع ہوگئی ہے، آسٹریلیا 3 گولڈ میڈلز کے ساتھ پوائنٹ ٹیبل پر سرفہرست اور چین 2 میڈل کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، بیلجیئم، جرمنی، جاپان، امریکا، فرانس، قازقستان، ہانگ کانگ اور کوریا نے ایک ایک گولڈ میڈل حاصل کیا۔
شوٹنگ ایونٹ میں چین نے پیرس اولمپکس کا پہلا گولڈ میڈل جیتا، چین کی ٹیم نے 10 میٹر ایئر رائفل میں سونے کا تمغہ حاصل کیا، کوریا نے چاندی اور قازقستان نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
چین نے دوسرا گولڈ میڈل سنکرونائزڈ تھری میٹر ڈائیونگ کے مقابلوں میں حاصل کیا، اس ایونٹ میں امریکا نے چاندی اور برطانیہ نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
آسٹریلیا نے خواتین کی 400 میٹر فری اسٹائل میں گولڈ میڈل جیتا، کینیڈا نے سلور اور امریکا نے برانز میڈل جیتا۔
آسٹریلیا نے تیسرا گولڈ میڈل خواتین کی 4×100 ری لے میں حاصل کیا، آسٹریلین ٹیم نے 3:28.92 کی ٹائمنگ کے ساتھ نیا اولمپک ریکارڈ بنایا، خواتین کی 4×100 ری لے میں امریکا نے سلور اور چین نے برانز میڈل جیتا۔
مینز روڈ سائیکلنگ میں بیلجئم نے گولڈ میڈل جیت لیا، آسٹریلیا نے انفرادی ٹائم ٹرائلز میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔
جاپان کو جوڈو کے مقابلوں میں گولڈ میڈل ملا، جاپان کی ناتسومی نے منگولیا کی ایتھلیٹ کو ہرا کر طلائی تمغہ حاصل کیا۔
خواتین کے 48 کلوگرام جوڈو میں جاپان نے گولڈ میڈل اور منگولیا نے سلور میڈل جیتا۔ برانز میڈلز کی باؤٹس میں سوئیڈن کی تارابابالفتح اور فرانس کی شیری بولکی نے کامیابیاں سمیٹیں۔
امریکا نے اپنا پہلا گولڈ میڈل مردوں کی 4×100 فری اسٹائل ری لے میں حاصل کیا، آسٹریلیا ایک عشاریہ صفر سات سیکنڈ کے فرق سے چاندی کا حقدار ہوا جبکہ اٹلی کی ٹیم نے مردوں کی 4×100 فری اسٹائل ری لے میں برانز میڈل اپنے نام کیا۔
پیرس اولمپکس میں ہانگ کانگ نے پہلا گولڈ میڈل خواتین کے فینسنگ مقابلوں میں جیتا، ہانگ کانگ نے فرانس کو ہرایا جبکہ برانز میڈل میں ہنگری نے اسٹونیا کے کھلاڑی کو شکست دی۔
پیرس اولمپکس میں پہلے دن کا آخری گولڈ میڈل کوریا نے اپنے نام کیا، جنوبی کوریا کے او سینگوک نے مینز فینسنگ سیبر میں گولڈ میڈل جیتا، فائنل میں او سینگوک نے تیونس کے فارس فرجانی کو شکست دی، اسی طرح برانز میڈل کا مقابلہ اٹلی کے لوگی سیمل نے اپنے نام کیا۔
اس سے قبل جرمنی نے بھی اپنا پہلا طلائی تمغہ جیت لیا، مارٹن لوکاز نے مردوں کی 400 میٹر فری اسٹائل سوئمنگ میں گولڈ جیتا، آسٹریلیا نے سلور اور کوریا نے برانز میڈل جیتا۔
اس کے علاوہ پیرس اولمپکس میں میزبان فرانس بھی گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب ہوا ہے۔ فرانس نے فجی کو ہرا کر رگبی 7 میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ رگبی 7 میں جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کو ہراکر برانز میڈل جیتا۔