پیرس اولمپکس: الجزائر کی ایمان خیلف نے ہنگرین حریف کو کوارٹر فائنل میں ہرادیا، میڈل یقینی

پیرس اولمپکس میں الجزائر کی خاتون باکسر ایمان خیلف نے کوارٹر فائنل میں ہنگرین حریف کو شکست دے کر اولمپک میڈل یقینی بنالیا۔

انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن (آئی بی اے) کے ایک متنازع فیصلے کی وجہ سے پیرس اولمپکس کے دوران تنازعات میں الجھی رہنے والی شمالی افریقی ملک الجزائر کی باکسر نے اپنے حوالے سے ہونے والی قیاس آرائیوں کو اپنے کھیل پر حاوی نہ ہونے دیا۔

ویمن باکسنگ 66 کلوگرام کیٹیگری میں ایمان خلیف کا مقابلہ ہنگری کی اینا لوکا ہموری سے تھا جس میں اُنہوں نے حریف کو پوائنٹس کی بنیاد پر 0-5 سے شکست دے کر ناصرف سیمی فائنل میں جگہ بنالی بلکہ اولمپک میڈل بھی یقنی بنالیا کیوں کہ اگر انہیں سیمی فائنل میں شکست ہوئی بھی تو وہ کم از کم برانز میڈل کی حقدار ہوں گی۔

واضح رہے کہ الجیرین باکسر ایمان خلیف اُس وقت خبروں میں آئیں جب پہلے راؤنڈ میں اُن کی حریف باکسر اٹلی کی اینجلا کیرینی نے مقابلے کے صرف 46 سیکنڈز کے بعد اُن سے لڑنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد ایمان خلیف کی خواتین باکسنگ میں شرکت کی اہلیت پر سوال اٹھنا شروع ہوگئے تھے جس کی بنیاد انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن کا گزشتہ سال کا ایک متنازع فیصلہ تھا۔

آئی بی اے نے گزشتہ سال بعض ٹیسٹس کی بنیاد پر ایمان خلیف کو خواتین باکسنگ میں یہ کہہ کر شرکت سے روک دیا تھا کہ وہ بطور خاتون ایتھلیٹ شرکت کی اہلیت کے معیار پر پورا نہیں اترتیں۔آئی او سی نے ایمان خلیف کی حمایت کرتے ہوئے بیان دیا تھا کہ وہ وویمن باکسنگ میں لڑنے کی اہل ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں