پیرس(نمائندہ خصوصی+بیورورپورٹ) — قومی ایئر لائن کی پیرس سے لاہور کی پرواز پی کے 734 دو روز گزرنے کے باوجود اڑان نہ بھر سکی، مسافر شدید پریشانی کا شکار ہیں۔بوئنگ 777 طیارے کے انجن میں خرابی کے باعث پرواز کا شیڈول متاثر، مسافروں کو ہوٹل منتقل کر دیا گیا، ضروری پرزے پیرس بھیجے جا رہے ہیں۔
مسافروں کے مطابق یہ پرواز 8 اگست کی شام ساڑھے 5 بجے پیرس سے لاہور کیلئےروانہ ہونا تھی تاہم دو روز گزرنے کے باوجود اب تک پرواز کی روانگی ممکن نہیں ہو سکی۔ خواتین، بچوں اور مریضوں سمیت درجنوں مسافر پیرس ایئرپورٹ پر پریشان رہے، بعد ازاں انہیں ہوٹل منتقل کیا گیا۔
قومی ایئر لائن کے ترجمان کے مطابق پیرس پہنچنے کے بعد بوئنگ 777 طیارے کے انجن میں فنی خرابی پیدا ہوئی، جس کے باعث پرواز کا شیڈول متاثر ہوا۔ یہ طیارہ پیرس سے اسلام آباد پہنچنا تھا اور اسی کو واپسی پر لاہور جانا تھا، تاہم ایک بوئنگ طیارے کی خرابی کے باعث پورا شیڈول متاثر ہوا۔
ترجمان نے بتایا کہ انجینئرنگ ٹیم طیارے کی مرمت کیلئے کام کر رہی ہے اور ضروری پرزے پیرس بھیجے جا رہے ہیں۔ کوشش ہے کہ جلد از جلد فنی خرابی دور کر کے پرواز بحال کی جا سکے۔دوسری جانب دبئی سے کراچی آنے والی ایک غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز میں بھی 6 گھنٹے کی تاخیر ہوئی، جو صبح 10 بج کر 45 منٹ پر کراچی پہنچی۔

