پیرس میں فیشن کا جلوہ، چائنیز فیسٹیول میں عالمی ڈیزائنرز کی ملبوسات کی نمائش

پیرس( ایاز محمود سے)فرانس کے دارالحکومت پیرس میں چائینیز کلچرل سنٹر میں منعقدہ فیشن فیسٹیول میں دنیا بھر کے معروف فیشن ڈیزائنرز نے اپنے تخلیق کردہ خوبصورت ملبوسات کی نمائش کی۔

قازق ڈیزائنر گازیزا شبدر بائیفا نے خواتین کیلئےاپنی نئی آئس کوئین کلیکشن پیش کی، جسے حاضرین نے بھرپور داد دی۔ ان کے ملبوسات میں جدید تراکیب، روایتی نفاست اور تخلیقی فن کا حسین امتزاج نمایاں تھا۔

ڈیزائنرز کے بیش قیمت کپڑوں، منفرد رنگوں اور فنکارانہ دستکاری نے مجموعے کو دلکش بنا دیا۔ شو میں شامل ماڈلز نے روایتی و جدید ملبوسات پہن کر ریمپ پر جلوے بکھیرے تو دیکھنے والے دم بخود رہ گئے۔

حاضرین نے ڈیزائنرز کی ہنرمندی، جدت اور تخلیقی صلاحیتوں کو خوب سراہا۔ فیشن شو میں چین کے سفیر، مختلف ممالک کے سفارتکاروں اور فیشن و شوبز انڈسٹری سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔

ڈیزائنر گازیزا نے گفتگو میں کہا کہ ان کا مقصد قازق ثقافت اور جدید فیشن کو ایک پلیٹ فارم پر لانا ہے تاکہ دنیا مختلف ثقافتوں کے حسین امتزاج سے واقف ہو سکے۔یہ فیسٹیول پیرس میں بین الثقافتی روابط اور عالمی فیشن کی جدت کا ایک خوبصورت مظہر ثابت ہوا۔

اپنا تبصرہ لکھیں