پیرس(نمائندہ خصوصی،اے ایف پی)فرانس کی وزیرِ ثقافت راشیدہ داتی نے اتوار کو اطلاع دی کہ پیرس کے لوور میوزیم میں ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے، جس کے بعد دنیا کے مشہور عجائب گھر کو ایک دن کیلئے بند کر دیا گیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وزیر ثقافت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر مزید لکھا کہ ’لوور میوزیم کے کھلنے کے وقت ایک ڈکیتی کی واردات پیش آئی۔‘انہوں نے کہا کہ ’کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی، میں میوزیم کے عملے اور پولیس کے ساتھ موقع پر موجود ہوں۔‘
وزیر ثقافت کی ٹیم کے ایک رکن نے اے ایف پی کو بتایا کہ کم از کم ایک شخص میوزیم میں داخل ہوا تھا، تاہم کسی ممکنہ چوری کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔لوور میوزیم کی انتظامیہ نے اعلان کیا کہ اسے ’غیر معمولی وجوہات‘ کی بنا پر آج کیلئے بند کر دیا گیا ہے جبکہ میوزیم کے حکام نے اس واقعے پر فی الحال کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

