پیرس: یوکرین کی جانب سے روس کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی بلیک لسٹ میں شامل کروانے کی کوشش ایک بار پھر ناکام ہوگئی۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق منی لانڈرنگ کے خلاف کمزور اقدامات اٹھانے والے ممالک کی فہرست میں روس کو شامل کرنے کے خلاف چین، بھارت، سعودی عرب اور جنوبی افریقا سمیت دیگر ممالک دفاع میں آئے۔
پیرس میں بین الاقوامی مالیاتی جرائم کے نگراں ادارے میں اس ہفتے ہونے والی اجلاس کے بارے میں دو ذرائع نے بتایا کہ یوکرین کی تجویز کو مسترد کرنے والے گروپ میں برازیل بھی شامل تھا۔ایک ذرائع نے بتایا کہ یوکرین کی روس کے خلاف تجویز ناکافی شواہد کے باعث مسترد کی گئی۔ایف اے ٹی ایف کے ممبر ممالک میں برطانیہ، فرانس، جرمنی، امریکا اور دیگر بڑی معیشتیں شامل ہیں جنہوں نے اس پیشرفت پر فوری تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔
یوکرینی حکومت نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ روس بین الاقوامی مالیاتی نظام کیلیے خطرہ ہے، اور پہلے سے بلیک لسٹ میں شامل ممالک ایران اور شمالی کوریا کے ساتھ قریبی روابط کا حوالہ بھی دیا تھا۔ایف اے ٹی ایف نے گزشتہ سال روس کی رکنیت یہ کہتے ہوئے معطل کر دی تھی کہ یوکرین میں اس کی جنگ ادارے کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔واضح رہے کہ روس کو 2022 میں یوکرین پر حملے کے جواب میں مغربی حکومتوں کی طرف سے مختلف پابندیوں کا سامنا ہے۔